کامن ویلتھ گیمز: انگلینڈ میڈلز میں سب سے آگے‘ پاکستان نے 3 تمغے جیت لئے
گلاسگو (سپورٹس ڈیسک) سکاٹ لینڈ میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں انگلینڈ نے 43 گولڈ میڈلز جیت کر آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑ دیا۔ انگلینڈ نے سونے کے 43، چاندی کے 38 اور کانسی کے 38 تمغے جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ انگلینڈ نے مجموعی طور پر 119 تمغے اپنے نام کئے ہیں۔ آسٹریلیا نے بھی 112 تمغے جیتے ہیں جن میں سونے کے 36، چاندی کے 35 اور کانسی کے 41 تمغے شامل ہیں۔ کینیڈا 61 تمغے جیت کر تیسرے نمبر پر ہے جن میں سونے کے 26، چاندی کے 13 اور کانسی کے 22 تمغے شامل ہیں۔ سکاٹ لینڈ نے کل 42 تمغے جیتے ہیں اور چوتھی پوزیشن پر ہے۔ تمغوں میں 14 سونے، 12 چاندی اور 16 کانسی کے شامل ہیں۔ بھارت 47 تمغوں کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے جن میں سونے کے 13، چاندی 20 اور کانسی کے 14 تمغے شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ کے 39 تمغوں کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے ۔ تمغوں میں سونے کے 13، چاندی کے 11 اور کانسی کے 15 شامل ہیں۔ دو سلور اور ایک برونز میڈل کیساتھ پاکستان انیسویں نمبرپرموجود ہے۔ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی ریسلرز نے کمال کردکھایا اور ملک کے لیے دو میڈلز حاصل کرلیے۔ریسلنگ کے چوہترکلوگرام کیٹگری گولڈ میڈل میچ میں پاکستان کے قمر عباس نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔فائنل مقابلے میں قومی ریسلرکو بھارت کے سشیل کمار نے چت کیا۔ستاون کلوگرام کیٹگری کے برونز میڈل میچ میں پاکستان کے اظہرحسین کامیاب رہے۔ اظہرحسین نے تیسری پوزیشن کے میچ میں افریقی کھلاڑی کو زیر کیا۔ باون کلوگرام باکسنگ مقابلے میں پاکستان کے محمد وسیم نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ کوارٹرفائنل میں قومی باکسر نے لسیتھو کے موکوہوٹو کو پچھاڑدیا۔سکاٹ لینڈ کے ڈینیئل کیٹنگز نے کامن ویلتھ گیمز میں پاسیل ہارس مقابلے میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ انگلینڈ کے گریگ ردرفورڈ نے لانگ جمپ میں گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ انہوں نے 8.20 میٹر لمبا جمپ لگایا۔