سیالکوٹ، بہاولنگر: ٹرمپ الزامات کیخلاف ایپکا کی ریلی، امریکی پرچم نذر آتش
سیالکوٹ/ بہاولنگر (نامہ نگار + نمائندہ نوائے وقت) پاکستان کے خلاف امریکی صدر ٹرمپ کے الزامات کے خلاف دفاع پاکستان ریلی نکالی گئی جس میں امریکی پرچم نذر آتش کیا گیا، صدر ٹرمپ اور بھارتی وزیر اعظم مودی کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ مولانا محمد عارف کی قیادت میں نکالی گئی جس میں سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی جنہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے، امریکہ اور بھارت کے خلاف جبکہ پاکستان کی مسلح افواج اور اسلام کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ امریکہ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد خود ہے جو دہشت گردوں کو تحفظ دیتا ہے اور بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نہتے ومظلوم کشمیریوں پر ظلم وستم شروع کررکھا ہے لیکن کوئی اسے روکنے والا نہیں۔ شرکاء ریلی نے پاک فوج کی حمایت میں نعرے بازی کی اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن ضلع بہاولنگر کی طرف سے چیئرمین اے پی سی اے ضلع بہاولنگر خالد علوی کی زیر قیادت امریکہ مردہ باد، پاک فوج زندہ باد ریلی نکالی گئی۔ ریلی بلدیہ سے شروع ہوکر رفیق شاہ چوک پر اختتام پذیرہوئی جس میں محکموں کے عہدیداروں نے شرکت کی اور ٹرمپ کے خلاف نعرہ بازی کی۔ رانا عبدالوحید، آصف محکمہ نہر، عبدالستار، عبدالقادر ہائی وے، سرور مہار، مقصود چوہدری، قیوم کھچی، چوہدری سلطان نے خطاب میں امریکی پالیسی کو مسترد کردیا۔ آخر میں ضلعی چیئرمین خالد علوی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر امریکی پرچم نذر آتش کیا گیا۔
ٹرمپ /مظاہرے