بھارت نے ایک بار پھر چناب کا پانی روک لیا، سطح انتہائی کم ہوگئی
سیالکوٹ (صباح نیوز) بھارت نے 57 سال پرانے سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دریائے چناب کا پانی روک لیا ، پانی کی کمی کی وجہ سے دریائے چناب کا پانی انتہائی کم سطح پر پہنچ گیا، نہر مرالہ راوی لنک بھی ڈیڑھ ماہ سے بند، 92 فیصد دریا خشک ہوگیا اور نہر بند ہونے سے لاکھوں ایکٹر زرعی رقبہ پر فصلوںکو نقصان ہوگیا، سندھ طاس معاہدہ 1960ء میں سابق صدر جنرل ایوب خان کے دور میں پاکستان اوربھارت کے درمیان ہواتھا جس کے تحت بھارت روزانہ دریائے چناب میں 55 ہزار کیوسک پانی چھوڑنے کا پابندہے لیکن مقبوضہ کشمیر میں بگلیہارڈیم تعمیر کرکے اس نے دریائے چناب کا پانی روک رکھا ہے اور پانی کی آمد کم ہوکر چھ ہزار اکیاسی کیوسک ہوگئی ہے اور نہر مرالہ راوی لنک بھی ڈیڑھ ماہ سے بند ہے، پاکستان کو بنجر کرنے کی بھارتی سازش کی وجہ سے دریائے چناب کا 92فیصد حصہ خشک ہوچکا ہے اور نہر اپرچناب بند ہونے کی وجہ سے لاکھوں ایکٹر زرعی رقبہ کو نقصان پہنچاہے، محکمہ ایری گیشن کے مطابق دریائے چناب میں آنے والے پانی کے بارے باقاعدہ رپورٹ حکومت کو بھجوائی جاتی ہے اور پانی سندھ طاس معاہدہ کے تحت بھارت دریائے چناب میں نہیںچھوڑ رہا۔ سابق رکن آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری شوکت وزیر علی کے مطابق سندھ طاس معاہدہ کے تحت مقبوضہ کشمیر سے آنے والے دریائوں کا پانی بھارت روک نہیں سکتا اور اس معاملہ پر پاکستان کو عالمی عدالت میں مقدمہ دائر کرنا چاہئے تھا لیکن پاکستان کی حکومت خاموش ہے۔