سیالکوٹ میں علامہ اقبالؒ کی آبائی رہائشگاہ کو عوام کیلئے کھول دیا گیا ، پروقار تقریب کا اہتمام
سیالکوٹ (نامہ نگار) مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؓ کے77ویں یوم وفات کے موقع پر ان کے آبائی محلہ کشمیریاں میں علامہ اقبال کی رہائش گاہ اقبال منزل کو عوام کیلئے کھول دیا گیا جہاں شہریوں کا رش رہا ۔ اس سلسلے میں ایک اقبال منزل میں ایک پروقار تقریب تقریب ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے ناصر شمیم لودھی، سید ریاض نقوی اور دیگر مقررین نے وطن عزیز کے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی تعلیمات اور انکے پیغام کو اپنی زندگیوں کیلئے مشعل راہ بنائیں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کی موجودہ قیادت علامہ اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہو تاکہ ہم بحیثیت فرد و قوم دنیا و آخرت میں سرخرو ہوسکیں۔ مزید برآں گورنمنٹ گرلز کالج ویمن یونیورسٹی میں علامہ اقبال کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے سیمینار منعقد ہوا جس سے پروفیسر نعیم، وائس چانسلر فرحت سلیمی اور دیگر مقررین طالبات نے خطاب کیااور پاکستان کا تصور پیش کرنے والے عظیم شاعر ڈاکٹر محمد اقبال کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی تعلیمات پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پاکستان ترقی یافتہ، خوشحال دنیا کی سپر پاور بن سکے، علاوہ ازیں تین طالبات کے درمیان بیت بازی کا مقابلہ بھی ہوا اور تینوں طالبات کو اول پوزیشن دی گئی۔ دریں اثناءسماجی تنظیم کی سربراہ ربیعہ نذیر کی صدارت میں طلبہ وطالبات کے درمیان ڈاکٹر علامہ اقبال کے حوالے سے تقریری مقابلے بھی ہوئے۔
علامہ اقبال/ رہائشگاہ