سندھ طاس معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی، بھارت نے چناب میں پانی کم کردیا
سیالکوٹ (نامہ نگار) بھارت کی طرف سے دریائے چناب کا پانی روکے جانے کی وجہ سے ہیڈمرالہ کے مقام پر دریا میں پانی کی سطح انتہائی کم سطح پر پہنچ گئی ہے۔ سندھ طاس معاہدہ کے تحت بھارت دریائے چناب میں روزانہ 55 ہزار کیوسک پانی چھوڑنے کا پابند ہے لیکن مقبوضہ کشمیر میں تعمیر شدہ بگلیہار ڈیم پر بھارت کی طرف سے روکے جانے کے باعث ہیڈمرالہ کے مقام پرپانی کی آمد صرف 4 ہزار 18 کیوسک ہے۔ محکمہ ایری گیشن کے مطابق دریائے چناب میں مجموعی پانی کی آمد 5 ہزار 192کیوسک ہے۔ پانی کی کمی کی وجہ سے ہیڈمرالہ سے نکلنے والی ایک نہر مرالہ راوی لنک تین ماہ سے بند ہے اور دوسری نہر اپر چناب میں پانی کی سطح 20 ہزار کیوسک سے کم ہوکر صرف 5192 کیوسک پانی ہے۔ کسان ٹیوب ویل چلا کر کھیتوں اور فصلوں کو سیراب کررہے ہیں۔کاشتکاروں اور کسانوں نے دریائے چناب کا پانی روکے جانے کا بھارتی معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔