تجاوزات شہر کی خوبصورتی پر بدنما داغ ہے خاتمہ ترجیح ہے: میئرسیالکوٹ

خبریں ماخذ  |  ویب ڈیسک
تجاوزات شہر کی خوبصورتی پر بدنما داغ ہے خاتمہ ترجیح ہے: میئرسیالکوٹ

سیالکوٹ :میئر میونسپل کارپویشن سیالکوٹ توحید اختر چوہدری نے کہا ہے کہ شہر کی خو بصورتی کےلئے تجاوزات کا خاتمہ میری اولین تر جیح ہے ۔ اس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ ہے بلکہ یہ تجاوزات شہر کی خوبصورتی میں بد نما ئی کا باعث بھی ہیں۔ اس کے خاتمے کے بغیرنہ ٹریفک کا تسلسل بہتر ہو سکتا ہے اور نہ شہر کی خوبصورتی بحال ہو سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر روڈ ، حاجی پورہ روڈ ، سر کلر روڈ ، خادم علی روڈ ، کچہری روڈ اور دیگر اہم سڑکات پر گاڑیوں کے شو روم کے مالکان سڑکات پر اپنی گاڑیاں کھڑی کرنے سے اجتناب کریں کیونکہ یہ تجاوزات کے زمرے میں آتی ہیں۔ یہ بات انہوں نے صدر یونین کار شو رومز کشمیر روڈ ملک عمیر،سیکرٹری اعظم بٹ و دیگر ممبران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کارشورومز کے مالکان کو ہدایت کی کہ وہ فی الفور متبادل جگہ کا بندوبست کریں بصورت دیگر میونسپل کارپوریشن گاڑیوں کو بحق سرکا ر ضبط کرے گی اور قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سڑکات اور فٹ پاتھوں پر کام کرنے والے دیگر کاروباری حضرات بھی اپنے کاروبار کو اپنی دکانوں کی حدود میں رکھیں ۔ تجاوز کرنے والوں کے خلاف کاروائی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔لہذا قانونی کاروائی اور بھاری جرمانوں سے بچنے کے لئے آخری انتباہ سمجھتے ہوئے اپنی تجاوزات ازخود ختم کر دیں۔