امریکی صدر کا مثبت بیان آیا ، صورتحال جلد واضح ہو گی: خواجہ آصف

سیالکوٹ (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ خواجہ محمدآصف نے کہا ہے کہ پاکستا ن میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا بحران مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے نئے پاور پراجیکٹس لگا کر حل کر دیا ہے اور لوڈشیڈنگ کی بنیادی وجہ ماضی کی حکومتوں کی طرف سے پاور پراجیکٹس نہ لگانا تھا لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک وقوم کے مفاد میں نئے پاور پراجیکٹس لگوائے ہیں جو تقریباً مکمل ہوچکے ہیں اور اب لوڈشیڈنگ کا مسئلہ بڑی حد تک حل ہوچکا ہے اور پاکستان سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہوچکی ہے۔ سیالکوٹ کے علاقہ روڑس روڈ کی تعمیر کے منصوبہ کے بعد میانہ پورہ میں جلسہ سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف اور مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک وقوم کی خدمت کی ہے اور میاں نوازشریف نے دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکوں کی اجازت دیکر عظیم فیصلہ کیا۔ مسلم لیگ (ن) ملک و قوم کی بے لوث خدمت کرتی رہے گی اور آئندہ انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) پہلے سے بھی زیادہ اکثریت سے ووٹ حاصل کرکے اقتدار میں رہے گی۔ بعدازاں انہوں نے صوبائی وزیر بلدیات پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ کے ساتھ نیامیانہ پورہ لنڈا پھاٹک پر سابق کونسلر و رہنما مسلم لیگ (ن) حاجی محمد اشرف پہلوان کے گھر جا کر انکی اہلیہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ خواجہ آصف نے کہا امریکی صدر کا پاکستان کے بارے میں مثبت بیان آیا ہے۔ آنے والے دنوں میں پاکستان امریکہ تعلقات پر صورتحال واضح ہوجائیگی، ماضی میںامریکہ سے تعلقات سے ملک کونقصان ہوا۔
خواجہ / آصف