سموسے کھانے سے 3 بچیوں کی ہلاکت‘ سوتیلی والدہ اور باپ گرفتار
سیالکوٹ(نامہ نگار) ہومیوسائیڈ پولیس نے تھانہ نیکاپورہ کے علاقہ میں ماہ رمضان میں زہریلا پاو¿ڈر کھلانے سے جاں بحق ہونے والی تین حقیقی بہنوں کے مقدمہ میں بچیوں کی سوتیلی والدہ اور باپ کوگرفتار کر لیا۔ ڈی ایس پی سٹی طارق سکھیرا نے تھانہ نیکاپورہ میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ تاجر دریم خان کی تین بیٹیاں ساڑھے پانچ سالہ آیت خان، چار سالہ آمنہ خان اور تین سالہ زویہ خان چند ہفتے قبل ہلاک ہوئی تھیں جوکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر ذرائع سے کی جانے والی تفتیش کے دوران جاں بحق ہونے والی بچیوں کی سوتیلی والدہ نادیہ نورین کو حراست میں لیا جوکہ تینوں بچیوں کی حقیقی خالہ بھی ہے۔ تین سال قبل اپنی بہن کے فوت ہونے کے چالیس روز بعد اس نے دریم خان کے ساتھ شادی کرلی تھی۔ ڈی ایس پی کے مطابق ملزمہ نادیہ نورین نے اپنے گھر اولاد نہ ہونے پر زہریلا پاو¿ڈر فروٹ چاٹ اور سموسوں میں ملا کر تینوں بچیوں کو کھلادیا جوکہ کھانے سے ان کی حالت غیر ہوگئی، وہ ہسپتال میں دم توڑ گئیں۔ ڈی ایس پی کے مطابق ملزمہ نادیہ نورین کو حراست میں لیا گیا جس نے اعتراف جرم کر لیا۔ اس جرم کو چھپانے والے ہلاک ہونے والی بچیوں کے حقیقی والد دریم خان کو بھی حراست میں لے کر تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری طرف بچیوں کی ہلاکت کے بعد فوڈ ڈپارٹمنٹ نے فروٹ چاٹ فروخت کرنے والی 2 دکانوں کو سیل کرکے نمونے فرانزک ٹیسٹ کےلئے بھجوائے تھے جس کی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ ان میں کسی قسم کا زہر شامل نہیں تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی انسپکشن ٹیم نے بھی بچیوں کی ہلاکت کے واقعے کی تفصیلی تحقیقات بھی کی تھیں۔ علاقہ مجسٹریٹ افضل محمود شاہ نے تھانہ نیکاپورہ کے علاقہ میں تین چھوٹی کمسن بیٹیوں کو کیڑے مارنے والا پاوڈر چاٹ میں ملا کر ہلاک کرنے کے الزام میں گرفتار ان کی سوتیلی والدہ نادیہ نورین کو شناخت پریڈ کیلئے ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ بھجوا دیا۔ پولیس نے لیڈیز پولیس کے ہمراہ گرفتار ملزمہ نادیہ نورین کو ضلع کچہری میں علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جنہوں نے اسے شناخت پریڈ کیلئے ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ بھجوا دیا جس کے بعد ملزمہ کو ڈسٹرکٹ جیل انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا۔
سوتیلی والدہ گرفتار