اداروں کی انا ٹکرانے سے جمہوریت تباہ ہو گی‘ ٹاک شوز میں حقیقت نہیں: خواجہ آصف
سیالکوٹ (نامہ نگار+ این این آئی) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے حقیقت یہ ہے کہ حقیقت وہ نہیں جو ٹاک شوز میں دکھائی جاتی ہے۔ جو کچھ اخباروں اور ٹاک شوز کی زینت بنتا ہے وہ میری قوم کی حقیقت نہیں۔ کالج کے یہ بچے بچیاں جو ہمارا کل ہے وہ حقیقت ہے اور یہ ہمارا مستقبل ہے یہ حقیقت ہے۔ لوگوں کی انائیں، افراد کا انائیں اور اداروں کی انائیںحقیقت نہیں۔ جب انائیں ٹکرائیں گی تو ان کا مستقبل تاریک ہو گا اور ملک میں جمہوریت کا مستقبل تاریک ہو گا۔ ان بچے بچیوں اور اپنے مستقبل کیلئے اپنی اناؤں کو روک دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کی طالبات میں پرائم منسٹر سکیم کے تحت لیپ ٹاپ کمپیوٹرز تقسیم کرنے کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ محمد آصف نے کہا بچوں اور بچیوں کے مستقبل کو بنانا ہماری ذمہ داری ہے، ہماری ذمہ داری طاقت کا حصول اور اقتدار کی جنگ نہیں۔ میرا وزیر ہونا، کسی کا وزیر اعظم بننے کی خواہش رکھنا یا کسی کا اقتدار میں آنا یا کسی کا حکمران بننا یہ مطمع نظر نہیں بلکہ مطمع نظر یہ ہے بیس کروڑ عوام کا مستقبل سنور سکے اور انکے بچوں کا مستقبل محفوظ ہو۔ جو اس حقیقت سے انکار کرے گا وہ قوم دشمنی کریگا۔ انہوں نے کہا اساتذہ کرام ملک کا مستقبل ترتیب دے رہے ہیں یہ اس کلاس سے تعلق نہیں رکھتے جو اقتدار اور اپنے اختیارات کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ علم سے بڑی کوئی دولت نہیں ، پیسے گاڑیاں مکان جائیدادیں یہ سب سراب ہے یہ چھن جاتی ہیں۔ اقتدار اور دولت دونوں فتنے ہیں اور چھن جانے والے ہیں۔ علم ایک ایسی دولت ہے جو آپ کے جانے کے بعد بھی زندہ رہتی ہے۔
خواجہ آصف