موٹو گینگ جے آئی ٹی پر حملے کر رہا ہے‘ تصویر سے کیا قیامت آگئی: عمران
سیالکوٹ(نامہ نگار)چیئرمین تحریک انصاف عمرا ن خان نے کہا ہے موٹو گینگ جے آئی ٹی پر حملے کر رہا ہے۔ حسن نواز کی تصویر نکل آئی ہے تو کیا قیامت آگئی ہے۔ شوکت خانم کیلئے فنڈ ریزنگ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سپریم کورٹ فیصلے اور جے آئی ٹی کی تشکیل پر مسلم لیگ (ن) نے مٹھائیاں بانٹی تھیں اور اب جب تلاشی شروع ہوئی تو انہوں نے شور مچانا شروع کر دیا ہے۔ انہوںنے کہا کرپشن کے ملزم کی تلاشی لی جا رہی ہے اور لی جانی چاہئے۔ قطری شہزادہ جے آئی ٹی میں پیش نہیں ہو گا۔ شیخ رشید پر حملہ ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا ۔ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ اپنے امپائروں کے ساتھ کھیلنے کی عادی ہے اور اگر امپائر ان کے ساتھ نہ ہوں تو وہ ویسے ہی کرتے ہیں جس طرح وہ جے آئی ٹی کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم سوموار کو سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق عمران خان نے کہا حسین نواز ملزم ہے‘ ان پر منی لانڈرنگ‘ کرپشن‘ ٹیکس چوری‘ اثاثہ جات چھپانے کا کیس ہے۔ یہ کون سے اوپر سے آئے ہیں کہ ان سے کوئی تفتیش نہیں کر سکتا۔ جب جے آئی ٹی بنی تو مٹھائیاں بانٹی۔ اب تلاشی لی جا رہی ہے تو حملے کر رہے ہیں۔ ہم پیر کو سپریم کورٹ جائیں گے کہ ان کے منہ بند کئے جائیں۔ جے آئی ٹی کو متنازعہ بنانے کیلئے یہ اپنے لوگوں کو استعمال کر رہے ہیں۔ جے آئی ٹی کو متنازعہ بنانے کا مقصد ہے شریف پھر بچ جائیں۔ کیا حسین شریف اوپر سے اُترا شہزادہ ہے جس کی توہین ہو گئی۔ عمران خان نے مسلم لیگ (ن) کو وارننگ دی آپ جس طرف جا رہے ہیں‘ ہم نے بھی وہی کرنا ہے۔ سڑکوں پر نکل کر مسئلہ حل کرائیں گے۔ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سٹریٹ پاور ہے۔ ہماری دھرنوں میں پریکٹس ہو گئی ہے۔ جس طرح جے آئی ٹی پر حملے کئے جا رہے ہیں‘ مجھے سپریم کورٹ پر حملے کا وقت یاد آگیا۔ یہ وہی مسلم لیگ (ن) ہے جو اپنے امپائر سے میچ کھیلتی ہے۔ امپائر ان کا نہ ہو تو یہ اس کے خلاف ہو جاتے ہیں۔ انہیں غیر جانبدار امپائر کی سمجھ ہی نہیں۔
عمران خان