شیخوپورہ اور بچیانہ میں ٹریفک حادثات، میاں بیوی سمیت 4 افراد جاں بحق

شیخوپورہ/ بچیانہ (نمائندگان نوائے وقت) ٹریفک حادثات کے دوران میاں بیوی سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیل کے مطابق لاہور روڈ کوٹ عبدالمالک کے قریب تیز رفتار ویگن نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں موٹر سائیکل سوار دو نوجوان موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ شوگر موڑ نشاط آباد فیصل آباد کا رہائشی پرویز اپنی بیوی ریحانہ اور سالی فرزانہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر تھانہ لنڈیانوالہ کے علاقہ 630گ ب جالب دا چک سے دم کروانے کے بعد واپس فیصل آباد جارہے تھے چک نمبر653/4گ ب کے قریب سڑک پر پھسل کر گر گئے جنہیں پیچھے سے آنے والے تیز رفتار ڈمپر نے روند ڈالا جس کے باعث موٹرسائیکل سوار 45سالہ پرویز اور اس کی 30 سالہ بیوی ریحانہ موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 45سالہ فرزانہ بی بی کو شدید زخمی حالت میں ریسکیو اہلکاروں نے تحصیل ہسپتال جڑانوالہ منتقل کردیا۔ حادثہ کے بعد ڈمپر ڈرائیور فرار ہوگیا۔ پولیس تھانہ لنڈیانوالہ نے ڈمپر قبضہ میں قانونی کاروائی شروع کردی۔