شیخوپورہ: شرقپور روڈ پر مسلح نوجوانوں نے مسافر ویگنوں سے بھتہ لینا شروع کردیا
شیخوپورہ( نمائندہ نوائے وقت ) لاہور گوجرانوالہ، سرگودھااور شیخوپورہ روڈ کے بعد اب شرقپور روڈ پر بھی مسلح نوجوانوں کے گروہ نے مسافر ویگنوں کو زبردستی روک کر ان سے بھتہ مانگنا شروع کردیا ہے انکار پر متعدد ڈرائیوروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور مسافروں کے ساتھ بھی بدتمیزی کرنے کیساتھ انہیں مزاحمت کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں جس پر ٹرانسپورٹ اڈہ مالکان اور ڈرائیورز یونین نے شدید احتجا ج کرتے ہوئے ڈی پی او شیخوپورہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر شاہرائوں پر مسافر ویگنوں سے بھتہ وصول کرنے کے خلاف کریک ڈائون کرکے ڈرائیوروں اور مسافروں کے جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ یقینی بنائیں، اس سلسلہ میں ٹرانسپورٹ اڈہ مالکان نے پہلے ہی ڈی سی او اور ڈی پی او کو درخواستیں دے رکھی ہیں مگر تاحال ان پر کوئی کاروائی نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے ویگن ڈرائیوروں کے خلاف تشدد اور زبردستی بھتہ وصول کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ، شرقپور روڈ پر چلنے والی مسافر ویگنوں کے ڈرائیورز ریاست علی، محمد طارق، اللہ رکھا، محمد اسلم ، محمد اشرف وغیرہ نے میڈیا کو بتایا کہ شرقپور روڈ پر مڑھ بھنگواں ترگے والی اور وزیرا ورکاں کے سٹاپ پر مسلح نوجوان محمد ناصر ، محمد اسلم، احمد ناصر، عرفان اسلم، عدنان وغیرہ اپنے ساتھیوں کی مدد سے کھڑے ہو کر مسافر ویگنوں کو کھڑاکرنے کے بعد ویگن سے گن پوائنٹ پر مسافر اتار کر ڈرائیور سے بھتہ کا تقاضا کرتے ہیں۔ ٹرانسپورٹ اڈہ مالکان نے بھی اس صورت حال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخوپورہ کی شاہرائوںپر جرائم پیشہ لوگوں نے مسافروں کو تنگ کرنا ڈرائیوروں سے بھتہ مانگنا اور انکار کرنا معمول بنالیا ہے ان لوگوں کو بعض با اثر لوگوں کی پشت پناہی حاصل ہے جس کی وجہ سے ان گروہوں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں ہورہی جس کی وجہ سے ڈرائیوروں اور مسافروں کا سفر غیر محفوظ ہو کر رہ گیا ہے اگر یہ صورتحال کنٹرول نہ ہوئی تو ہم وزیر اعلیٰ پنجاب ہائوس کے باہر دھرنا دیں گے اور حصول مطالبات تک پہیہ جام رکھیں گے۔