سیاست میں کامیابی احتجاج سے نہیں عوامی خدمت سے ملتی ہے: منوراقبال
شیخوپورہ ( نمائندہ نوائے وقت )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سٹی جنرل سیکرٹری میاں منور اقبال نے کہا ہے کہ بعض مفاد پرست سیاستدان قومی مفاد پر ذاتی مفاد کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ان عناصر کو جان لینا چاہیے سیاست میں کامیابی احتجاج اور منفی سیاست سے نہیں بلکہ عوام کی خدمت سے ملتی ہے۔ باشعور عوام شکست خوردہ سیاستدانوں کی منفی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔ ایک طرف خدمت، امانت اور دیانت کی شفاف سیاست ہے جبکہ دوسری طرف الزام تراشی، جھوٹ اور افراتفری کی منفی سیاست ہے۔ جمہوریت میں فیصلے پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں۔ سڑکوں پر فیصلے کرنے کے خواہشمندوں کو اپنے غیر جمہوری طرز عمل پر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ آئندہ 2 برسوں میں ملک میں توانائی منصوبوں کی تکمیل سے اندھیرے ہمیشہ کیلئے چھٹ جائیں گے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا انہوںنے کہا کہ دھرنوں کی سیاست کے ذریعے ترقی کا راستہ روکنا ایک بڑا جرم اور پاکستان کے 20 کروڑ عوام کے ساتھ ظلم ہے۔ یہ وہی شکست خوردہ چہرے ہیں جنہوں نے 2014ء میںدھرنوں کے ذریعے قومی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ پنجاب میں ترقیاتی منصو بے شفافیت کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں۔