اسلامی معاشرہ عدل و انصاف کے بغیر قائم نہیں ہوسکتا: غلام مرتضیٰ

شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)مذہبی سکالر مولانا صاحبزادہ غلام مرتضیٰ شازی نے کہا ہے کہ دنیا قیام امن کیلئے صاحب گنبد خضریٰ سے رہنمائی لے،اسلامی معاشرہ عدل و انصاف ،برداشت اور انسانی حقوق کے احترام کے بغیر قائم نہیں ہو سکتا، کرپشن، معاشی استحصال ، قتل وغارت گری، ناانصافی اور انتہا پسندی کافرانہ نظام کی پہچان ہیں۔نبی آخرالزماں ﷺپوری انسانیت کیلئے امن اور رحمت کا پیغام بن کر آئے اور انہوں نے ہمیشہ مظلوم، غریب اور یتیم کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھا۔ ان کا سچا امتی سوسائٹی کے کمزور طبقات پر ظلم نہیں کر سکتا۔ضرب عشق وعلم سے جہالت کے اندھیروں کو روشنی میں بدلا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،مولانا صاحبزادہ غلام مرتضیٰ شازی نے کہا کہ دین محمدی ﷺ میں تنگ نظروں، انتہا پسندوں، علم کے دشمنوں، خودکش بمباروں اور مذہبی سوداگروں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔