حکمران خاندان کا قومی اداروں کیخلاف پراپیگنڈہ قابل مذمت ہے: معراج خالد

شیخوپورہ(نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف کے ضلعی سینئر نائب صدر و امیدوار پی پی 166چوہدری معراج خالد گجر نے کہا ہے کہ کرپشن کا تابوت ہمیشہ کیلئے دفن ہونے تک پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا ،عوام کو معلوم ہوگیا ہے کہ حکمرانوں کی جانب سے معیاری تعلیم اور صحت کی سہولتوں کی بجائے اور ہیڈ برجز ، انڈر پاسز ،سڑکیں اور میٹروبسوں کے منصوبے ان کی خوشحالی نہیں بلکہ استحصال کا ہتھیار ہیں۔ چوہدری معراج خالد گجر نے کہاکہ چین نے سی پیک منصوبے کا معاہدہ (ن) کے ساتھ نہیں بلکہ ریاست کے ساتھ کیا ہے اس لئے حکمران اس کی آڑ میں عوام کی آنکھوں میں دھول نہ جھونکیں ۔ انہوںنے کہا کہ حکمران خاندان کا قومی اداروں کے خلاف پراپیگنڈا قابل مذمت ہے اوراپنی چوری کو بچانے کیلئے ملک کو کسی بھی نہج پر پہنچانے سے گریز نہیں کر رہے ۔