مسئلہ کشمیر کیلئے ہر فورم پر کوششیں جاری رہیں گی: برجیس طاہر

خبریں ماخذ  |  ویب ڈیسک
مسئلہ کشمیر کیلئے ہر فورم پر کوششیں جاری رہیں گی: برجیس طاہر

شیخوپورہ /سانگلاہل :وفاقی وزیراموپر کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر بھارت کی قانونی پوزیشن صفر ہے اور اسی کمزور پوزیشن کے باعث بھارت مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کرنے سے کتراتا ہے۔ بھارت نے کبھی ایل او سی کے اس پار فائرنگ کا سہارا لیا اور کبھی اوڑی حملے جیسے ڈرامے رچا کر پر امن تحریک آزادی کشمیر کو دہشت گردی سے نتھی کرنے کی ناکام کوشش کی،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد شروع ہونے والی تحریک اپنی مثال آپ رکھتی ہے اور بھارتی فوج کے مظالم اور شدید موسم بھی کشمیریوں کے حوصلے پست کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں، انہوں نے کہا کہ شدید موسم کے باوجود کشمیری عوام آج بھی ہزاروں کی تعداد میں شہداءکے جنازوں میں شریک ہو رہے ہیں اور آئے روز احتجاج اور ہڑتالوں میں پاکستان سے وابستگی کے اظہار کیلئے پاکستانی پرچم لہر ا ئے جارہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ بھارت کو خود اپنے اخبارات کے اداریوں اور ابھی حال ہی میں بھیجے گئے کمیشن کی رپورٹ سے سبق حاصل کرنا چاہیے، جن کے مطابق نہ تو پاکستا نی قوم بھارت کی فوجی طاقت سے خوفزدہ ہونے والی ہے اور نہ ہی کشمیری نوجوان بھارتی قابض فوج سے ڈرتے ہیں بلکہ اپنے مقصد اور حقوق کی خاطر جان کی قربانی دینے سے بھی گریزاں نہیں ہیں۔