حکومت کے ساڑھے تین سال مکمل ہوگئے ‘ قوم خوشحال نہ ہوئی: معراج خالد گجر

خبریں ماخذ  |  ویب ڈیسک
حکومت کے ساڑھے تین سال مکمل ہوگئے ‘ قوم خوشحال نہ ہوئی: معراج خالد گجر

شیخوپورہ :پاکستان تحریک انصاف سینئر رہنما چوہدری معراج خالد گجر نے کہا ہے کہ حکومت کے اقتدار کے ساڑھے تین سال مکمل ہوچکے ہیں لیکن قوم آج تک خوشحال نہیں ہوئی بلکہ قرضوں کے بوجھ تلے دب چکی ہے اور ان قرضوں میں دن بدن اضافہ ہوتاجارہا ہے ،انہوں نے کہا کہ علی بابا چالیس چوروں کی ٹیم قوم کے اصلی مجرم ہیں جنہوںنے بیرون ملک اربوں روپے کی جائیدادیں اور کاروبار بنالیا ہے پانامہ لیکس میں نام آنے کے بعد اصل حقیقت عوام پر آشکارا ہوئی ہے اور بی بی سی نے حکومتی جھوٹ کو بے نقاب کیا۔اب انہیں اقتدار میں رہنے کا جواز باقی نہیں رہتا وہ قوم کی جان چھوڑدیں،انہو ں نے کہا کہ حکومتی درباری ٹولہ نوازشریف کو بچانے کیلیے ترجمان بنے ہوئے ہیں ان کے شور مچانے سے  نوازشریف احتساب سے نہیں بچ سکتے، اقتدار میں آنے سے قبل قوم کو سبز باغ دکھانے والے اصلی مجرم ہیں چھ ماہ میں توانائی بحران کا خاتمہ کا اعلان کرنے والوں نے ملک کو اندھیروں میں ڈبودیا ہے اب 2018میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کے اعلانا ت کررہے ہیں جبکہ درحقیقت 2018موجودہ حکومت کی مدت تکمیل کا سال ہے جس کے بعد نئے انتخابات منعقد ہونگے اوانشاءاللہ پی ٹی آئی برسراقتدار آئے گی۔