شیخوپورہ 4 دہشت گرد ہلاک ملتان4 سیالکوٹ میں3 دہشت گرد گرفتار

شیخوپورہ + سیالکوٹ (آن لائن)پنجاب پولیس کے انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ضلع شیخوپورہ میں کارروائی کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق انھیں معلومات ملیں تھی کہ مبینہ طور پر کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی اور تحریک طالبان پاکستان کے 7 سے 8 دہشت گرد ضلع شیخوپورہ میں ایک آئل ڈپو پر موجود ہیں اور وہ حساس مقامات پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ ان معلومات پر سی ٹی ڈی کی ٹیم نے شیخوپورہ میں مذکورہ مقام پر چھاپہ مارا اور دہشت گردوں کو ہتھیار ڈالنے کا حکم دیا۔ ترجمان کا کہنا تھا پولیس کو دیکھ کر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، جس پر اہلکاروں نے خود کے بچاو¿ میں جوابی فائرنگ کی۔ سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا دونوں جانب سے فائرنگ کا سلسلہ تھما تو وہاں 4 دہشت گردوں کی نعشیں پڑی تھیں، جنھیں ان کے مبینہ ساتھیوں نے ہلاک کیا تھا۔ پولیس کہنا تھا فائرنگ کے دوران 3 سے 4 دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کے قبضے سے 3 کلو دھماکہ خیز مواد، 2 کلاشن کوف، 2 پسٹل، متعدد گولیاں اور 2 موٹر سائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق شواہد جمع کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ دوسری جانب سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے سیالکوٹ میں کالعدم تنظیم کے تین دہشت گرد گرفتار کر کے دھماکہ خیزمواد اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔ ترجمان کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے مطابق سی ٹی ڈی کی ٹیم نے اطلاع پر سنیاریاں والا پل امین آباد سیالکوٹ روڈ کے علاقے میں چھاپہ مارا اور کالعدم تنظیم کے تین دہشت گرد عامر، وقاص اورعبدالجبار کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان سے ڈیڑھ کلو دھماکہ خیزمواد اورتین ڈیٹونیٹرز برآمد ہوئے ہیں۔ ملزم عید میلاد النبی کے جلوسوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ ملزمان ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں بھی ملوث ہیں۔ سی ٹی ڈی ذرائع کا کہناہے کہ ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

دہشتگرد