شیخوپورہ: کارِ سرکار میں مداخلت پر سابق ایم این اے خرم منج گرفتار‘ عدالت نے ضمانت پر رہا کر دیا
شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاہور ڈاکٹر فرحان کی سربراہی نے اینٹی کرپشن سٹی سرکل شیخوپورہ کی ٹیم نے (ق) لیگ کے ضلعی صدر اور سابق ایم این اے چوہدری خرم منور منج کو کارِ سرکار میں مداخلت کے الزام میں انکی اقامت گاہ پر چھاپہ مار کرگرفتار کرلیا۔ سابق ایم این اے کے بہنوئی عامر عتیق کیخلاف قصور میں 1200 ایکڑ اراضی کی جعلسازی پر مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کی گرفتاری کیلئے اینٹی کرپشن ٹیم نے پولیس کے ہمراہ خرم منور منج کی رہائشگاہ پر چھاپہ مارا تو چھاپہ مار ٹیم اور خرم منور منج تلخ کلامی کے بعد آپس میں گتھم گتھا ہوگئے جس پر ٹیم نے تھانہ شیخوپورہ میں اپنے بہنوئی کو فرار کروانے اور کارِ سرکار میں مداخلت کے الزام میں مقدمہ درج کرا دیا۔ پولیس نے دوبارہ چھاپہ مار کر خرم منور منج کو گرفتار کرکے اینٹی کرپشن کی حوالات میں بند کردیا جس کے بعد مقامی عدالت سے انکو ذاتی مچلکوں پر رہا کردیا۔