امریکہ میں شادی کی تقریب میں مشرف کا بیگم کے ہمراہ رقص!
آج کل سابق مردِ آہن پرویز مشرف امریکہ میں ہیں جہاں گزشتہ روز ان کی شاپنگ کی اطلاعات و تصاویر کے بعد اب شادی کی تقریب میں ان کی اپنے بیگم کے ساتھ والہانہ رقص کو دیکھ کر تو بے اختیار … ع
مجھے آئی نہ جگ سے لاج
میں اتنا زور سے ناچی آج
کہ گھنگرو ٹوٹ گئے
والا گیت لبوں پر مچلنے لگا۔ کیا خوبصورت ردھم اور تال میل تھا انکے رقص میں، مشرف جی نے ساری محفل کو لوٹ لیا۔ اس ویڈیو نے تو ہر طرف دھوم مچا دی ہے۔ یہ وہی مشرف کمانڈو ہیں جنہیں اگر پاکستان کی عدالتیں طلب کریں تو اسی روز انکی گردن اور کمر میں بیلٹ بندھی نظر آتی ہے اور یہ نہایت مسکین لاچار، لاغر، بیمار اپنے سٹریچر پر دراز ہسپتال لے جائے جا رہے ہوتے ہیں۔ عدالتوں کا نام سُنتے ہی نجانے کیوں ان کی حالت بگڑ جاتی ہے، ٹانگیں کانپنے لگتی ہیں۔ اب بھی بیرون ملک اپنے مہربانوں کی بدولت علاج کے لئے گئے ہوئے ہیں۔ اس شادی کے پروگرام سے لگتا ہے ان کی طبعیت کافی حد تک بہتر ہو چکی ہیں لہٰذا اب انہیں چاہئے کہ اپنی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادوںکو ضبط ہونے سے بچانے کیلئے انہی مضبوط قدموں کے ساتھ وطن واپس آ کر عدالتوں کا بھی سامنا کریں۔
٭…٭…٭…٭
پورے ملک میں درختوں کا جال بچھا دیں گے : شہباز شریف!
خدا کا شکر ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کو سڑکوں کا جال بچھاتے بچھاتے پنجاب کے اصل حُسن یعنی درختوں کا جال بچھانے کی بھی سوجھ گئی ورنہ خطرہ تھا سڑکوں کی توسیع، میٹرو بس اور اورنج ٹرین کے خواب کی تعبیر میں لاہور سمیت پنجاب کے ہزاروں خوبصورت اور قیمتی درختوں کی قربانی دینی ہو گی۔
لاہور کی خوبصورتی کا راز یہاں کے خوبصورت اشجار اور باغات ہی تو ہیں۔ اب وزیر اعلیٰ کے حکم کے مطابق شہر میں درختوں کا جال بچھانا ممکن ہو گیا ہے تو ایک بار پھر لاہور باغ و بہار کا شہر بن جائے گا۔ ویسے ہر برس شجرکاری کے نام پر لگائے گئے یہ لاکھوں درخت کہاں جاتے ہیں جو کاغذوں میں تو درج ہوتے ہیں مگر حقیقت میں انکا وجود نظر نہیںآتا۔ خدا جانے انہیں زمین نگل لیتی ہے یا آسمان اٹھا لیتا ہے۔ اب وزیر اعلیٰ کے حکم پر درخت کاٹے بھی نہیں جائیں گے بلکہ جدید مشین لائی گئی ہے جو ان درختوں کو نکال کر ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرے گی یوں درختوں کی جان بچ جائے گی اور بہاروں کا میلہ برقرار رہے گا۔ یوں سڑکیں بنانے کیلئے درختوں کی قربانی نہیں دینا پڑے گی بلکہ انہیں باحفاظت دوسری جگہ لگا کر جنگل میں منگل کا سماں قائم رکھا جائے گا۔
٭…٭…٭…٭
پاکستان میں 100 مقامات پر چاندی اور سونے کے ذخائر ہیں۔ پی ایم ڈی سی!
پاکستانی تو ہمیشہ خدا کا شکر ادا کرتے رہتے ہیں کہ اس ذات پاک نے اس ارض پاک کو طرح طرح کی نعمتوں سے نوازا ہے مگر ہم ہیں کہ ان کو استعمال میں نہیں لا رہے۔ سونا، چاندی، تانبا، کاپر، یورنیم، قیمتی پتھر اور نجانے کون کونسی نعمتیں ہیں جو ہمارا حال اور مستقبل بدلنے کیلئے موجود ہیں مگر ہم ہیں کہ بجائے ان سے استفادہ کریں باہمی جنگ و جدال میں صوبائیت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اب پی ایم ڈی سی والوں کی رپورٹ میں بھی یہی رونا ہے کہ حکومت سونا چاندی کے ذخائر کی تلاش اور انکو نکالنے کے ٹھیکے غیر ملکی اداروں کو دے رہی ہے گویا یہ تو ؎
ہوتا نہیں عیاں کبھی ان کے مزاج سے
نیت خراب ہے کہ طبعیت خراب ہے
قیمتی زیر زمین ذخائر نکالنے کے ٹھیکے اپنوں کو دیں یا غیروں کو کم از کم ایمانداری سے تو دیں تاکہ ان کے ثمرات اس ملک و قوم کو بھی مل سکیں۔ جو بیچارے بے بسی سے ان ذخائر کو دوسروں کی جیبوں میں جاتا دیکھ کر آہیں بھرتے ہیں۔ ویسے پہلے بھی کاپر، تانبے، کوئلے، سونے اور لوہے کے بے شمار ذخائر دریافت ہوئے تھے ان پر جو کام ہو رہا ہے ان کا بھی کوئی ثمر ابھی تک نہیں پہنچا، خدا جانے ان منصوبوں سے کچھ حاصل ہوا بھی یا نہیں اگر ان سے کچھ مل رہا ہے تو وہ کہاں جا رہا ہے۔ عوام کو کچھ خبر نہیں وہ آج بھی خوشحالی کے خواب لئے جاگ رہے ہیں۔
٭…٭…٭…٭
پی ٹی آئی کی ڈنڈا بردار فورس تیار، جلسے میں اسلحہ کی نمائش!
خدا خدا کر کے پنجاب مسلم لیگ (ن) کی ڈنڈا بردار فورس کو ختم کرنے کا اور ان کے ڈنڈے گنڈاسے وغیرہ جلانے کا حکم آیا تھا جس کے بعد امید تھی کہ اب پی ٹی آئی والوں کو رائے ونڈ تک کوئی منڈا شُنڈا تنگ نہیں کرے گا۔ ویسے عمران خان نے تو لاہوریوں کو باقاعدہ ’’مشٹنڈے‘‘ قرار دیا تھا اس کے بعد تو خطرہ زیادہ بڑھ گیا تھا کہ ان مشٹنڈوں کے ساتھ اگر فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، جہلم، اوکاڑہ کے غنڈے بھی مل جاتے پھر رائے ونڈ تک دھرنے والوں کا پہنچنا مشکل ہو جاتا۔
اب مسلم لیگ والوں نے ہتھیار جلا دئیے، ڈنڈا فورس ختم کر دی تو جوابی طور پر امن کے اعلان کی بجائے پشاور میں زنانہ اور مردانہ ڈنڈا فورس کی تقریب رونمائی کس خوشی میں کی گئی۔ کیا یہ جلتی پر تیل والی بات نہیں۔ کہا جاتا ہے …؎
بات کرتے ہیں جب معشوق سے
کام لیتے نہیں بندوق سے
اپوزیشن اور حکومت کا معاملہ بھی عاشق اور معشوق والا ہوتا ہے۔ یہ جو چشمک چلتی ہے ’’یہ تو چلتی ہے تجھے اونچا اُڑانے کے لئے‘‘ تو پھر یہ لفڑے بازیاں کیوں؟
پی ٹی آئی اطمینان سے آئے اڈہ پلاٹ پر جلسہ کرے جس کا اعلان کیا ہے، یہ رنگ بازیاں دکھانے سے کسی کو فائدہ نہیں ہو گا اُلٹا نقصان کا خطرہ ہے۔
٭…٭…٭…٭…٭