مسلح افراد نے پیشی پر جاتے باپ، بیٹی کو موٹ کے گھاٹ اتار دیا
سرگودھا/ حیدر آباد ٹائون (این این آئی+ اے این این) سرگودھا شہر میں دن دیہاڑے پرانی دشمنی پر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے باپ بیٹی کو بے دردی سے قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق بلاک نمبر 14 کے دو گروپوں میں پرانی دشمنی چلی آرہی تھی محمد سلطان اور اسکی بیٹی ام حبیبہ گھر سے تاریخ پیشی کے لیے عدالت جانے کے لئے نکلے تو مخالفین مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 25 سالہ ام حبیبہ موقع پر جاں بحق اور اس کا والد زخمی ہوگیا۔ زخمی کو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ دوہرے قتل کے ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مقتولین اور ملزمان کے درمیان دشمنی چلی آرہی ہے گزشتہ ر وز جیسے ہی گھر سے باپ بیٹی عدالت میں تاریخ پیشی کے لیے جانے لگے تو مخالفین نے حملہ کر دیا۔ پولیس حکام کے مطابق مقتولین اور ملزمان آپس میں رشتہ دار ہیں اور ان کے فیملی تنازعات کے کیس چل رہے ہیں۔