تونسہ شریف میں ختم نبوت کانفرنس آج ہوگی حمید سیالوی آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرینگے
ساہیوال/سرگودھا (نامہ نگار) شریف خاندان ختم نبوت قانون میں ترمیم کی ناپاک جسارت کرنے کے بعد اللہ کی پکڑ میں آ چکا ہے تحفظ ناموس رسالتﷺپر جان بھی قربان کر دیں گے لیکن حکمرانوں سے کوئی سمجھوتہ ہرگز نہیں کریں گے ملک گیر احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔ یہ بات صاحبزادہ قاسم سیالوی نے سیال شریف میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران بتائی۔ انھوں نے کہا کہ آج 31دسمبر کو تونسہ شریف میں تحفظ ختم نبوت کانفرنس ہوگی جس میں ملک بھر سے سجادہ نشین علمائے کرام و مشائخ عظام کثیر تعداد میں شرکت کریں گے خواجہ عطا اللہ تونسوی اور خواجہ حمیدالدین سیالوی باہمی مشاورت سے آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ محمد قاسم سیالوی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب 8جنوری کو سیال شریف آنا چاہتے ہیں تو ضرور آئیں لیکن اپنے وعدے کے مطابق رانا ثنا اللہء کا استعفیٰ ہمراہ لائیں اور سجادہ نشین خواجہ محمد حمیدالدین سیالوی کے تحفظات دور کریں ورنہ مسلم لیگ ن سے علیحدگی اور مسلم لیگ ن کیخلاف مہم چلانے کا اعلان پہلے ہی کر چکے ہیں جس پر قائم ہیں اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ وہ قومی وصوبائی اسمبلی کے امیدوار نہیں ہیں نہ ہی انھیں کسی سیاسی جماعت کے ٹکٹ کی ضرورت ہے آئندہ انتخابات میں سیالوی گروپ بھرپور حصہ لے گا حلقہ این اے68پی پی37سمیت پنجاب بھر میںامیدوار کھڑے کریں گے سیال شریف کی طرف سے صاحبزادہ غلام نظام الدین سیالوی ہی ا میدوار ہوں گے۔