’’مسلم لیگ(ن) نے جمہوری نظام کو مستحکم کرنے کیلئے اہم خدمات سرانجام دیں‘‘
ساہیوال(نامہ نگار)پاکستان مسلم لیگ (ن) کا متفقہ طور پر صدر منتخب ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ میاں محمد نواز شریف پر عوام اور بالخصوص مسلم لیگ (ن) کے تما م عہدیداران و کارکنان اعتماد کا اظہار کرتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار بابا فرید گروپ آف انڈسٹریز کے چیئرمین ملک محمد رمضان نے ’’نوائے وقت‘‘ سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے ملک میں نہ صرف جمہوری نظام کو مستحکم کرنے کے لئے اہم خدمات انجام دی ہیں بلکہ ملک کی بگڑتی ہوئی اقتصادی حالت کو درست کرنے اور اوپر کی سطح پر کرپشن کے خاتمہ کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں ۔اس موقع پر ملک محمد رمضان کے صاحبزادے نوجوان سیاستدان ملک عامر نے کہا کہ مسلم لیگ کی اعلیٰ قیادت دیانتداری سے ملک کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرنے کے لئے کوشاں ہے ۔