ایک وزیر کی خاطر ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانا کونسی عقلمندی ہے: حمید سیالوی
ساہیوال‘ سرگودھا (نامہ نگار) سجادہ نشین سیال شریف خواجہ حمیدالدین سیالوی نے کہا کہ جب تک ایک بھی عاشق رسول موجود ہے حکمرانوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔ ختم نبوت بل کو چھیڑ کر قادیانیوں کو نوازنے کی ناپاک جسارت کی گئی۔ تحفظ ناموس رسالت کی خاطر اور بیت المقدس کی آزادی کے لیے ہر حد تک جائیں گے کسی کو مسلمانوں کے جذبات سے ہرگز نہیں کھیلنے دیں گے۔ گوجرانوالہ میں کانفرنس کے بعد گجرات اور پھر لاہور میں فائنل کال دیں گے ‘ ایک وزیر کی خاطر ملک کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کرنا کونسی عقلمندی ہے۔ خواجہ حمید سیالوی سے سجادہ نشین گولڑہ شریف غلام نظام الدین جامی نے ملاقات کی۔ میڈیا سے گفتگو میں سید غلام نظام الدین جامی نے کہا کہ مسئلہ ختم نبوت پر ہرگز کمپرومائز نہیں کیا جا سکتا اور حکمرانوں کو چاہیے کہ ہٹ دھرمی سے کام لینے کی بجائے اپنی صفوں میں گھسے ہوئے قادیانیوں کے سرپرستوں کے خلاف کارروائی کرے۔ ادھر حکومتی مستعفی رکن غلام بی بی بھروانہ کا استعفا حمید الدین سیالوی کے سیکرٹری نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دیا، مستعفی رکن اسمبلی نثار جٹ کا استعفا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو ابھی تک موصول نہیں ہوا، غلام بی بی بھروانہ نے نجی دورے پر لندن روانہ ہونے کا فیصلہ کر لیا۔
حمید سیالوی