ساہیوال: نہر لوئر باری دوآب میں 13 بچوں سمیت رکشہ جاگرا، ایک بچی جاں بحق

ساہیوال(نمائندہ نوائے وقت) شیریف کالونی کے قریب ایک تیز رفتار رکشہ نہر لوئر باری دوآب میں گرنے سے 13بچے ڈوب گئے ۔ شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت 12بچوں کو زندہ نکال لیا ایک 3سالہ بچی بختاور اور رکشہ ابھی تک نہر سے نہیں برآمد ہوسکا۔ ایک رکشہ ڈرائیور روشن رکشہ میں 13بچوں کو کنعان پارک جشن آزادی کی سیر کرانے کے لیے لیکر جا رہا تھا کہ ایک گدھا گاڑی کو اوور ٹیک کرتے ہوئے رکشہ تیز رفتاری کے سبب نہر میں جا گر ا ۔ موقعہ پر موجود شہریوں نے 12بچوں ، ماریہ 7سالہ، علی 8سالہ، وسیم13سالہ، گلشن 4سالہ، اللہ جوائی 6سالہ ، اللہ رکھی 3سالہ ، طاہرہ 5سالہ ، افضل 8سالہ ، ندیم 4سالہ، محمد علی ساڑھے چار سالہ ، ابرار 10سالہ،طیب چار سالہ کو بچا لیا گیا جبکہ ایک تین سالہ بچی بختاور ا ور رکشہ کی نہر میں تلاش جاری ہے۔ ریسکیو 1122کے غوطہ خوروںنے امدادی کاروائیاں شروع کر دی ہے۔