فلاحی تنظیمیں محصورین پاکستان کی زیادہ سے زیادہ امداد کریں : پی آر سی

جدہ (نمائندہ خصوصی) ’’محصورین پاکستان اور فلاحی اداروں کے کردار‘‘ پر گذشتہ روز یہاں پی آر سی کے زیراہتمام مذاکرہ ہوا جس کی صدارت کرتے ہوئے سید نثار احمد صدر مسلم ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (MWDO) نے کہا کہ محصورین کی حب الوطنی کی قدر اور ان کی کسمپرسی میں امداد ہمارا قومی‘ دینی اور انسانی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 سال قبل انہوں نے محصورین کے کیمپ کا دورہ کرنے پر چند نادار لوگوں کی امداد سے کام شروع کیا اور اب MWDO ماہانہ لاکھوں روپے سے سینکڑوں نادار خاندانوں کی امداد کرتی ہے۔ MWDO کے ابو فرحان صدیقی نے سعودی عرب میں تنظیم کی کارکردگی کی تفصیلات بتائی اور لوگوں سے رمضان کے ماہ میں زکٰوۃ اور صدقات سے محصورین کی امداد کی اپیل کی۔ مہمان خصوصی انوار خان اکمل صدر OBAT ہیلپرز امریکہ نے کہا کہ پاکستانی فلاحی ادارے جیسے ایدھی اور الخدمت ڈھاکہ میں موجود ہیں لیکن ان کی امداد صرف بنگالیوں تک محدود ہے۔ انوار اکمل جو پچھلے ہفتہ بنگلہ دیش میں محصورین کے کیمپوں میں OBAT ہیلپرز کی کارروائیوں کا معائنہ کرکے آئے ہیں‘ کیمپوں میں امن و امان کی صورتحال اور بنیادی ضرورتوں کے فقدان پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور پاکستانی ہائی کمشنر ڈھاکہ سے اپیل کی کہ وہ محصور پاکستانیوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ ریاض بخاری صدر پاکستان پیپلزپارٹی سعودی عرب نے PRC کے کاز میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ پاکستان پیپلز سرائیکی فورم کے چیئرمین یاسین محمد نے بھی محصورین کے حل کیلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ PRC کے نائب صدر حامد اسلام خان نے محصورین کے مسئلہ کے حل کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا اور فلاحی تنظیموں سے محصورین کی زیادہ سے زیادہ امداد کی درخواست کی۔ مجلس محصورین کے کنوینئر سید احسان الحق نے سید نثار احمد اور انوار خان اکمل کی شرکت اور محصورین کی حالت زار اجاگر کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے نوائے وقت فنڈ پر مجیدنظامی کی تعریف کی جو لاکھوں روپے سے محصورین کی امداد کرتے ہیں۔ معروف شعراء زمرد خان سیفی اور گل انور نے محصورین کو منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر مندرجہ ذیل قراردادیں پیش کی گئیں۔ حکومت رابطہ ٹرسٹ بحال کرے‘ محصورین کی آبادکاری PRC کی تجاویز کے تحت کرے‘ ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمشنر محصورین کی دیکھ بھال اور جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ ہم جماعت اسلامی‘ MQM‘ تحریک انصاف کی ذیلی تنظیموں‘ ایدھی ٹرسٹ اور دوسری قومی و بین الاقوامی تنظیموں سے محصورین کو ضروریات زندگی کی فراہمی کیلئے اپیل کرتے ہیں۔ ہم اہل سوات سے اظہاریکجہتی کرتے ہیں اور اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ ان کی جلد اپنے گھروں کو واپسی اور پاکستان میں امن و امان کی بحالی قائم ہو۔