نائن زیرو کا ”طواف“ مسلم لیگ (ن) کا گراف ”نقطہ انجماد“ سے بھی گر سکتا ہے: حافظ حسین

اوکاڑہ (نامہ نگار) جمعیت علماءاسلام (ف) کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ صدارت کے تاج کے لئے نائن زیرو پر جا کر ”ممنون“ کی ”منت“بہت سے سولات کو جنم دے رہی ہے۔ نائن زیرو پر میاں برادران کے حکم پر ”طواف“ان کی پارٹی کے ”گراف“کو نقطہ انجماد سے بھی نیچے لانے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے ۔میاں برادران کو ابھی”جوش“اور” ہوش “میں فرق کرنا ہی نہیں آیا ۔ مسلم لیگ (ن) اب اس مقام پر کھڑی ہے جہاں کچھ عرصہ قبل پیپلز پارٹی موجود تھی تاہم تحریک انصاف کی جانب سے صدارتی الیکشن کی دوڑ میں موجود رہنا عمران خان کی” سیاسی پختگی“کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ صحافیوں کے وفد سے گفتگو میں انہوں نے کہا صدارتی الیکشن کو جواز بنا کے نائن زیرو پر” قدم رنجا“فرمانا متحدہ کی کابینہ میں شمولیت کا گرین سگنل دکھائی دیتا ہے۔