”مشاورت نہیں کی“ سندھ ہائیکورٹ نے تین ٹربیونلز تحلیل کر دیئے‘ الیکشن کمشن نے نئے نام مانگ لئے

کراچی (این این آئی + نوائے وقت نیوز) رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ نے الیکشن کمشن کو خط لکھ کر الیکشن ٹریبونلز کے قیام سے متعلق تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے الیکشن ٹریبونلز کے قیام سے قبل مشاورت نہیں کی گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ نے الیکشن کمشن کو لکھے خط میں کہا سندھ ہائیکورٹ سے الیکشن ٹریبونلز کے قیام سے قبل مشاورت نہیں کی اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ٹریبونل کے قیام سے قبل متعلقہ چیف جسٹس سے مشاورت ضروری ہے۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق سندھ میں قائم الیکشن کمشن کے 3 ٹربیونلزتحلیل کردئیے گئے۔ مزید برآں الیکشن کمشن نے چاروں ہائیکورٹس سے الیکشن ٹربیونل کےلئے نئے نام مانگ لئے۔ الیکشن کمشن نے ہائیکورٹس کے رجسٹرار کو خط ارسال کر دیئے۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے اعتراض کے بعد چاروں ہائیکورٹس سے نام مانگے گئے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن نے پہلے سے تشکیل دیئے گئے 14ٹربیونلز کی حیثیت سے متعلق وضاحت نہیں کی۔