ایمان والے حکمران آئیں تو پاکستان ترقی یافتہ ملکوں میں آسکتا ہے: احمد محمود

رحیم ےارخان (بیورو رپورٹ)گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے، ایمان والے حکمران آ جائیں تو پاکستان ترقی یافتہ ملک کی صف میں شامل ہوسکتا ہے۔ آنیوالی مسلم لیگ (ن)کی حکومت کوبے پناہ مسائل کاسامنا کرنا پڑیگا۔ گزشتہ روز ”نوائے وقت“کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوںنے کہا میں نے گورنر ہاﺅس کو ایمانداری سے چلاکر ایک مثال قائم کی ہے۔ گورنر ہاﺅس سے کچھ لینے کی بجائے اسے کچھ دیاہے مجھ پر گورنر ہاﺅس یاسرکارکی ایک چائے کی پیالی بھی حرام ہے، آنے والی حکومت بھی ایسا کرے توپاکستان کے تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں، بجلی بحران کوحل کرنابہت ضروری ہے لیکن مشکل بھی بہت ہے توانائی بحران حل کئے بغیر پاکستان کسی صورت میں ترقی کی شاہراہ پر گامزن نہیں ہو سکتا۔ جنوبی پنجاب کی احساس محرومی پرسب کومل بیٹھ کر سوچنا چاہئے کیونکہ یہاں کے نوجوان بے روزگار،ترقیاتی کاموں کا نام و نشان نہیں، زمینیں نہری پانی کو ترس رہی ہیں، فنڈز کا سیلاب لاہور اور اپر پنجاب کی طرف ہے یہاں کے عوام بنیادی سہولتوں سے محروم اور تخت لاہور کے بارے میں شدید تحفظات رکھتے ہیں۔ اگر یہاں کے عوام کو ان کا حق نہ ملاتویہ لوگ شدید مایوس ہونگے اور مایوس قومیں انقلاب کی طرف سفر کرتی ہیں، بجلی بحران اور گڈ گورننس نہ ہونے کی وجہ سے قوم نے انتخابات میں پیپلزپارٹی پر غصہ نکالا اب تمام سیاسی جماعتیں ملکی مسائل کے حل کے لئے سوچیں تاکہ ترقی کا پہیہ چل سکے۔ پاکستان کی عوام میں بے پناہ صلاحیت ہے اچھے حکمران آنے سے تمام مسائل حل ہوجائیںگے۔
گورنر احمد محمود