پشاور میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ، تھانیدار اور بچی سمیت 3 زخمی

پشاور (بیورو رپورٹ + جی این آئی) پشاور میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں ایس ایچ او اور 11 سالہ بچی سمیت تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ایس ایچ او ریاض الاسلام اپنی پرائیویٹ گاڑی میں گن مین کے ہمراہ گھر سے فقیر آباد پولیس سٹیشن آرہے تھے کہ اچانک بجلی کے کھمبے کے ساتھ نصب بم پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایس ایچ او کے علاوہ کانسٹیبل جوہر علی اور راہگیر بچی زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ واقعہ کے بعد سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ پشاور پولیس نے شہر میں غیر قانونی طور پر مقیم افغانوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈائون کے دوران 164 افراد کو گرفتار کر لیا۔آن لائن کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے پشاور شہر میں مستقل بنیادوں پرامن وامان کی صورتحال کی بہتری کے لئے رنگ روڈ پر قائم نیٹو افواج کو سپلائی کرنے والے غیر قانونی ٹرمینلوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔