نوشہرہ: افغان باشندوں کی نقل و حرکت محدود کرنے کا فیصلہ، 8 بجے کے بعد پبلک مقامات پر داخل نہیں ہوسکیں گے

نوشہرہ (صباح نیوز) نوشہرہ کی ضلعی انتظامیہ نے نوشہرہ بھر میں رمضان المبارک کے آخری عشرے اور عیدالفطر کے دوران افغان باشندوں کی نقل حرکت محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بازاروں، پبلک مقامات اور پرہجوم جگہوں پر رات آٹھ بجے کے بعد افغانیوں کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ ضلع بھر میں فوری طور پر ایک ماہ کے لئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔ ضلع نوشہرہ میںرمضان المبارک کے آخری عشرے اور عیدالفطر کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے پیش نظر نوشہرہ کے شہری آبادی اور پبلک مقامات پر ایک ماہ کیلئے افغانیوں کا داخلہ رات آٹھ بجے سے صبح پانچ بجے تک ممنوع قرار دیدیا گیا ہے۔