رحیم یار خان: دیرینہ دشمنی پر فائرنگ سے باپ بیٹا جاں بحق، ایک شخص زخمی

رحیم یارخان (آئی این پی) رحیم یارخان میں تھانہ پکا لاڑا کے حدود میں پرانی دشمنی پرمخالفین کی فائرنگ سے باپ بیٹا جاں بحق، ایک شخص زخمی ہوگیا۔ ہفتہ کو پولیس ذرائع کے مطابق رحیم یار خان کے نواحی علاقے کوٹلہ دولت کے رہائشی باپ بیٹا فداحسین اور محمد آصف عدالت میں پیشی کیلئے لیاقت پور جا رہے تھے راستے میں مخالفین نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دونوں باپ بیٹا موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ فائرنگ سے گاڑی کا ڈرائیور رفیق احمد شدید زخمی ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو تحصیل ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ تفتیش شروع کرکے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔