گھریلو جھگڑوں اور بیروزگاری سے دلبرداشتہ 4خواتین اور2 نوجوانوں کی خودکشی
فیصل آباد/ساہوکا/کمالیہ/سمبڑیال ( نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) گھریلو ناچاقی اور بیروزگاری سے دلبرداشتہ 4خواتین سمیت 5 افراد نے خودکشی کرلی۔ تفصیل کے مطابق فیصل آبادکے چک نمبر275ج ب کی رہائشی 5بچوں کی ماں 35سالہ نسرین بی بی، چک نمبر228ر ب کی رہائشی18سالہ کلثوم نے گھریلو جھگڑوں سے دلبرداشتہ ہو کر جبکہ چک نمبر583گ ب جڑانوالہ کے رہائشی 38سالہ محمد خان نے غربت و بے روز گاری سے تنگ آکر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھالیں۔تینوں افراد کو تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔ ساہوکا کے تھانہ فتح شاہ کے علاقہ50کے بی کی رہائشی مریم بی بی کا اپنے خاوند سے اکثر جھگڑا رہتا تھا۔ محمد اسلم کا اپنے بھائی سے علیحدہ ہونے سے انکار پر گزشتہ روز مریم بی بی نے گھر والوں کی غیر موجودگی میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔کمالیہ کے نواحی گائوں 739گ ب کی رہائشی (س) نے گذشتہ روز گھریلو جھگڑے پر گلے میں پھندا ڈال کر درخت سے لٹک کر خود کشی کر لی۔ علاوہ ازیں سمبڑیال میں 25 سالہ نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا کر زندگی ختم کرلی۔ تھانہ بیگوالہ کے موضع واں کے جمیل کے بیٹے نبیل نے گھریلو ناچاقی سے تنگ آ کر مبینہ طور پر زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔