خانیوال: زمیندار نے ساتھیوں سمیت گھر میں گھس کر خاتون کے بال کاٹ دیئے‘ کپڑے پھاڑ ڈالے

خانیوال (آئی این پی) راستے کے تنازع پر پولیس کو درخواستیں دینے کی سزا دیتے ہوئے زمیندار نے ساتھیوں سمیت گھر میں گھس کر خاتون کے بال کاٹ دئیے اور تشدد کا نشانہ بناتے رہے، کپڑے بھی پھاڑ دیئے۔ تفصیل کے مطابق خانیوال کے نواحی علاقہ نظام پور میں شہناز بی بی زوجہ محمد نواز‘ حق نواز کا مقامی زمیندار حق نواز وغیرہ سے راستے کا تنازع تھا جس کی درخواستیں شہناز بی بی نے پولیس تھانہ صدر کبیر والا کو گزاریں مگر پولیس نے کارروائی نہ کی بلکہ حق نواز دیگر ساتھیوں سمیت خاتون کے گھر گھس گیا اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ کپڑے پھاڑ دئیے اور قینچی سے سر کے بال کاٹ دیئے اور دھمکی دی کہ ہمارے خلاف اگر کوئی قانونی کارروائی کی تو تمہارا حشر اس سے بھی زیادہ کریں گے۔ متاثرہ خاتون نے وزیراعلیٰ پنجاب‘ آئی جی پنجاب‘ ڈی پی خانیوال سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔