حکومت فاٹا‘ بلوچستان میں بھارتی مداخلت کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھائے: شجاعت

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ بھارت بلوچستان اور فاٹا میں مداخلت کا معاملہ اقوام میں اٹھانا چاہئے۔ سوات اور فاٹا میں اسلام اور طالبان کے نام پر لڑنے والے جرائم پیشہ عناصر ہیں جو اسلام کا نام بدنام کر رہے ہیں۔ گذشتہ روز اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت سوات میں عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن کی حامی ہے دہشت گرد ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں جبکہ بلوچستان کا معاملہ مختلف ہے۔ جو مکمل سیاسی مسئلہ ہے اس کے حل کے کیلئے سیاسی ذرائع اختیار کرنے چاہئیں۔ بلوچستان کے عوام اپنے حقوق اور انصاف مانگتے ہیں اور اپنے صوبے کے وسائل میں سے اپنا حق چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسئلہ پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی ضرورت نہیں بلکہ حکومت کو بلوچ رہنماؤں قبائل اور عوام کو اعتماد میں لینا چاہئے۔