حیدرآباد میں محرالحرام کے دوران بھی صفائی نہ ہوسکی ، وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ
حیدرآباد(نامہ نگار) حیدرآباد میں ہر سال کی طرح امسال بھی شہدائے کربلا کی یاد میں عزاداری اور ماتم داری کا سلسلہ انتہائی عقیدت واحترام کے ساتھ جاری ہے۔ جبکہ لنگر‘ نیاز اور سبیلوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ عزادار رابطہ کمیٹی حیدرآباد کے مطابق آج4 محرم الحرام کو حیدرآباد میں مختلف عزادار تنظیموں کے زیر اہتمام ذوالجناح کے 8 بڑے ماتمی جلوس برآمد ہونگے۔ عزادار رابطہ کمیٹی کے مطابق مسلسل احتجاج کرکے باوجود میونسپل اورواسا کی جانب سے ماتمی جلوسوں کی گذرگاہوں پر صفائی ستھرائی اور گندے پانی کی نکاسی کا انتظام نہیں کیا گیا نہ ہی روشنی کا بندوبست کیا گیا ہے۔ صفائی ستھرائی نہ ہونے کے باعث حیدرآباد شہر کے قدیم علاقے گندگی کے ڈھیروں اور گندے پانی کے تالابوں میں تبدیل ہوگئے ہیں۔ جس سے امراض پھیلنے کا خدشہ ہے۔ صورتحال نے عزاداران میں اشتعال پھیلادیا ہے اورعزادار تنظیمیں احتجاج کی تیاری کررہی ہیں۔