مظفرگڑھ(نامہ نگار) پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک شخص کی ہلاکت کے واقعہ میں ملوث پولیس اہلکار تاحال گرفتار نہ ہوسکے، دوسری جانب آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے شخص کی نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کردیا گیا ۔تفصیلات کیمطابق موضع رکھ خانپور کی بستی سریںمیں ناکے پر تعینات پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے اختر عباس نامی شخص جاں بحق ہوگیا تھا، واقعہ کو پہلے پولیس حکام نے پولیس مقابلے کا رنگ دینے کی کوشش کی بعدازاں سی آئی اے سٹاف کے انچارج منیر چانڈیہ سمیت 5 پولیس اہلکاروں کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا، واقعہ میڈیا میں نشر ہوا تو پولیس فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت کا آئی جی پنجاب نے بھی نوٹس لے لیا،پولیس ذرائع کیمطابق آئی جی پنجاب کی جانب نے آرپی او ڈیرہ غازیخان اور ڈی پی او مظفرگڑھ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔دوسری جانب پولیس قتل کے مقدمہ میں نامزد پولیس اہلکاروں کو تاحال گرفتار نہ کرسکی،ڈی ایس پی سٹی اعجاز بخاری کیمطابق واقعہ میں ملوث اہلکاروں کی گرفتاری کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں اور اہلکاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ڈی ایس پی سٹی کیمطابق قتل میں نامزد اہلکاروں کو جلد گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024