پنجاب میں زرعی زمین پرہاؤسنگ سکیم نہ بنانے کیلئے قانون سازی کا ڈرافٹ تیار
رحیم یارخان(بیورورپورٹ) صوبہ پنجاب بھر میںزرعی زمین پر کسی بھی نوعیت کی ہائوسنگ سکیم نہ بنانے کے لیے قانون سازی کا ڈرافٹ تیار، صوبہ بھرمیں رہائش کے لیے فلیٹ سسٹم کو ترجیح دینے بارے بھی حکمت عملی تیار، صوبہ بھر میں نئے شہر بھی آباد کئے جائیںگے۔ صوبائی وزارت بلدیات کے مطابق صوبہ بھر میں رہائش کے لیے فلیٹ سسٹم کو ترجیح دینے بارے حکمت عملی تیارکی جارہی ہے تاکہ متعین جگہ پر زیادہ سے زیادہ خاندان آباد ہوسکیں۔ زرعی زمین کا تحفظ وقت کی اہم ضرورت ہے اگر اس کا ابھی سے تدارک نہ کیا گیا تو آنے والی نسلیں شدید مشکلات کا شکار ہونگی ۔ رحیم یارخان سمیت پنجاب کے دیگر شہروں کے یونین کونسلز کے سیکرٹریوں اور چیف آفیسرز کو پابند کیا جائیگا کہ وہ زرعی زمینوں اورسرکاری زمینوں کی مانیٹرنگ کرتے رہیں اور کوئی بھی انویسٹر کسی بھی زرعی زمین پر اپنے مذموم عزائم کرتا پایا جائے کے بارے فوری رپورٹ محکمہ کو ارسال کریں۔ اس کے لیے تمام محکموں اورتمام بلدیات اداروں کے افسران کو بھی پابند کیا جارہا ہے کہ آئندہ ایسی کسی بھی ہائوسنگ سکیم کی منظوری نہ دیں۔ ایسے افراد کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جارہا ہے جہنوں نے لیز پر لی سرکاری زمین کو ہائوسنگ سکیم بنا کر فروخت کردیا ہے، صوبہ بھر میں نئے شہر بھی آباد کئے جائیںگے تاکہ پھیلتی ہوئی آبادی کو بکھرنے کی بجائے ایک ہی جگہ پر بہترین ماحول میں ہرقسم کی سہولیات میسر ہوسکیں۔