پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن کو ملنے والے 4 ارب 46 کروڑ کا ریکارڈ غائب
بہاولپور ( نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی بہاولپور سید ذیشان اختر ،جنرل سیکرٹری عرفان انجم نے کہا ہے کہ ملک میں کرپشن کی نئی نئی داستانیں رقم ہورہی ہیں۔تازہ آڈٹ رپورٹ کے مطابق جولائی 2013 سے فروری2016تک پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کو برطانیہ سے ملنے والی4ارب46کروڑ روپے کی امداد کاریکارڈ غائب ہوناتشویش ناک اور قابل مذمت امر ہے۔ملک کے اندر پورانظام ہی کرپشن زدہ ہوچکا ہے۔کرپشن چھپانے کیلئے ریکارڈ کو غائب کرنا یا جلادینا روایت بن چکا ہے۔جب تک کرپشن کی روک تھام کے حوالے سے سنجیدگی سے اقدامات نہیں کیے جاتے عوام کوریلیف میسر نہیں آسکتا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں روزانہ12ارب روپے کی کرپشن نے ثابت کردیا ہے کہ حکمرانوں نے سواچار سالوں میں ملک وقوم کو لوٹنے کے سواکچھ نہیں کیا۔پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں روزانہ اربوں روپے کی کرپشن کسی ناسور سے کم نہیں۔اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو وسائل کی دولت سے مالامال بنا یاہے۔معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں اس کے باوجود پاکستان کا شمارپسماندہ ممالک کی فہرست میں ہوتاہے۔کرپشن اور لوٹ مار کرنے کیلئے حکمران ملکی وسائل سے استفادہ کرنے کی بجائے غیر ملکی کمپنیوں کو ٹھیکے دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پانامالیکس میں بے نقاب ہونے والے دیگر436پاکستانیوں اور کرپٹ افرد کا قلع قمع کیاجاناچاہئے۔کرپشن نے ملکی معیشت کوتباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ من پسند افراد لگانے اور لوٹ مار کرنے سے منافع بخش قومی ادارے خسارے میں جاچکے ہیں۔