چین: لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹرین پٹڑی سے اتر گئی‘ 19 ہلاک‘ 70 زخمی

بیجنگ (ا ے ایف پی) چین کے صوبے جینگزی میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مسافر ٹرین پٹڑی سے اتر گئی جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک اور 70 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں دو کی حالت تشویشناک ہے۔ اتوار کی صبح مسافر ٹرین شنگھائی سے جینگزی جا رہی تھی کہ گوئیلین شہر کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹرین پٹڑی سے اتر گئی جس سے متعدد بوگیاں الٹ گئیں اور کئی بوگیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک اور 70 زخمی ہوگئے۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں پولیس اور فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ٹرین سے ہلاک ہونے والے 19 افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو نکالا۔ انہیں فوری طور پر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا جہاں دو زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ دریں اثناءچین میں ٹرک اور مسافر بس کے خوفناک تصادم میں 32 افراد ہلاک جبکہ 21 زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق حادثہ لیاوننگ صوبے کے شیرفک ژن کے ایک زیر تعمیر ایکسپریس وے پر پیش آیا۔