مقبوضہ کشمیر: جھڑپ میںحزب کمانڈر شہید‘ چیک پوسٹوں کےخلاف مظاہرے جاری

سرینگر (مانیٹرنگ نیوز + ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے جھڑپ کے دوران معروف مجاہداور حزب المجاہدین کے کمانڈرطارق لون کو شہید کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے کہا ہے کہ طارق لون کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا۔ انہیں گذشتہ رات گئے کشتواڑ کے علاقے میں ایک جھڑپ کے دوران شہید کیا گیا اور کئی عسکریت پسند محاصرہ توڑ کر فرار ہو گئے۔ آئی جی پولیس فاروق احمد نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ دریں اثناءمختلف علاقوں میں پولیس کی چیک پوسٹوں اور شہریوں کو ہراساں کرنے کے خلاف مظاہرے جاری ہیں‘ ادھر بڈشاہ چوک میں مسلح افراد نے گرنیڈ پھینکا جو پولیس اہلکار کے کندھے پر لگا لیکن پھٹ نہ سکا۔ دریں اثناءبھارتی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان سے دراندازی جاری ہے اور حال میں چار مسلح افراد سرحدی باڑ توڑ کر مقبوضہ کشمیر میں داخل ہوئے ہیں جن کی تلاش کے لئے گھر گھر سرچ آپریشن جاری ہے۔