دراندازی بڑھ گئی‘ بھارت کو مزید دہشتگردانہ حملوں کیلئے تیار رہنا ہو گا: وزیر دفاع

نئی دہلی (آن لائن) بھارتی وزیر دفاع اے کے انتھونی نے کہا ہے کہ بھارت کو مزید دہشتگرد حملوں کے لئے تیار رہنا چاہیے۔ انتھونی نے ممبئی طرز کے مزید دہشت گرد حملوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کنٹرول لائن سے دہشت گرد دراندازی کر رہے ہیں تاہم انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی افواج اس قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ وزیر دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ دو مہینوں کے دوران مقبوضہ کشمیر میں دراندازی کے واقعات بڑھے ہیں اور یہ واقعات جاری رہیں گے کیونکہ بھارت کے دشمن چاہتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال میں بہتری نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو دراندازی اور دہشتگردی کے حملوں سے تیار رہنا ہو گا۔