تعلیمی شعبہ کو دوسرے صوبوں کے برابر لانے کیلئے معیاری ادارے بنا رہے ہیں: وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(بیورو رپورٹ)وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی، کافی دیر جاری رہنے والی ملاقات میں سیاسی صورتحال اور صوبے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر سماجی کارکن اور ماہر تعلیم کاشفہ تاج نے وزیراعلیٰ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مزیدبراں بریگیڈیئر خالد سلطان کمانڈنٹ کالج سوئی سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا حکومت بلوچستان کو تعلیم کے شعبہ میں دیگر صوبوں کے برابر لانے کے لئے تعلیمی اداروں کی بہتری اور معیاری تعلیمی اداروں کا قیام عمل میں لارہی ہے، ملٹری کالج سوئی صوبے کے پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے ذہین اور محنتی طلبہ کو تعلیم کی بہتر مواقع فراہم رہا ہے۔ کمانڈنٹ ملٹری کالج سوئی نے و زیر اعلیٰ بلوچستان کو ملٹری کالج سوئی کی کارکردگی اور دیگر امور سے متعلق آگاہ کیا۔ خالد سلطان نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملٹری کالج سوئی میں اکیڈ مک بلاک کے قیام کے سلسلے میں صوبائی حکومت سے تعاون کی درخواست کی، جس پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔