کراچی: دوہرے قتل کے 2ملزم گرفتار‘ رینجرز کا سرچ آپریشن‘5مشتبہ پکڑلئے
کراچی (آئی این پی )کراچی میں لیاری کے علاقے نیا آباد میں دہرے قتل میں مطلوب ملزم وسیم کچھی گرفتار کرلیا گیا۔ وسیم کچھی کو قانون نافذ کرنے والے ادارے نے گرفتار ملزم عبداللہ کی نشاندہی پر نیا آباد سے حراست میں لیا۔ دونوں ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار عمر کچھی گروپ سے ہے اور اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ لیاری پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔ دونوں ملزمان نے دو روز قبل کھارادر کاغذی بازار میں واقع کوثر بیکری میں لوٹ مار کے دوران فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں بیکری کا مالک ممتاز اور سیلز مین ا ختر جان کی بازی ہار گیا تھا جبکہ اسی دوران بیکری مالک ممتاز کی فائرنگ سے ملزم عبداللہ کچھی بھی زخمی ہو کر ساتھی وسیم کے ساتھ فرار ہو گیا تھا۔ تاہم کچھ دیر بعد ہسپتال سے زخمی حا لت میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ رینجرز نے کراچی کے علاقے عزیز آباد میں بلاک ٹو میں سرچ آپریشن کیا، رینجرز کی بھاری نفری نے عزیز آباد تھانے اور اس کے اطراف کی 4 گلیوں کا مکمل محاصرہ کیا۔ اس دوران علاقے کو عام آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بند کردیا گیا، رینجرز اہلکاروں نے گھروں کی تلاشی لی اور ایک گھر سے 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ حراست میں لیے گئے افراد کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔ سی پی ایل سی نے رپورٹ جاری کردی ۔ سی پی ایل سی کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں یکم اکتوبر سے 21 اکتوبر تک 23 افراد ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنے جبکہ شہر میں 21 اکتوبر تک بھتہ خوری کی 6 اور اغواء برائے برائے تاوان کی ایک واردات رپورٹ ہوئی۔ عروس البلاد میں 1062 افراد کے موبائل فون چوری ہوئے،729 موبائل فون چھینے گئے جبکہ 1397 موٹر سائیکلیں چوری ہوئیں، 112 گن پوائنٹ پر چھینی گئیں۔ شہر میں 72 گاڑیاں چوری ہوئیں اور 8 گن پوائنٹ پر چھینی گئیں۔