گگومنڈی ، سرور شہید ،ڈاہراں والا اور جلالپور جٹاں کو تحصیل کا درجہ دیدیا گیا
چوک میتلا، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، دائرہ دین پناہ (نامہ نگاران) پنجاب حکومت نے نئی مردم شماری کے ساتھ ہی نئی حلقہ بندیوں سے قبل ہی پنجاب کے چار اضلاع میں مز چار تحصیلیں بنا دی ہیں۔ نئی بنائی گئی تحصیلوں میں ضلع بہاولنگر سے ڈاہراں والا، ضلع مظفر گڑھ سے چوک سرور شہید، ضلع گجرات سے جلالپور جٹاں والا اور ضلع وہاڑی سے گگو منڈی شامل ہیں جنہیں تحصیل بنا کر فوری طور پر نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن جاری ہونے پر چوک سرور شہید کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور شہری نہال ہو رہے ہیں۔ شہریوں نے ہنجرا خاندان کے سپوت الحاج ملک سلطان محمود ہنجرا اور صوبائی وزیر جیل خانہ جات ملک احمد یار ہنجرا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اس بارے صوبائی وزیر جیل خانہ جات ملک احمد یار ہنجرا اور رکن قومی اسمبلی الحاج ملک سلطان محمود ہنجرا نے کہا کہ انہوں نے چوک سرور شہید کی عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا ہے۔ معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جلد ہی وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی چوک سرور شہید میں آمد متوقع ہے۔