پرویز مشرف کو کھلا راستہ دینے والوں کو قوم معاف نہیں کریگی: رانا تنویر، پیر اشرف

فیروز والا (نامہ نگار) مسلم لیگ (ن ) مرکزی رہنما اور ایم این اے رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ قوم مشرف کو کھلا راستہ دینے والوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ پیر اشرف رسول شاہ نے کہا کہ نواز لیگ مشرف سمیت دیگر قومی مجرموں کو معاف نہیں کر سکتی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز این اے حلقہ 131 اور چکوک ایریا تحصیل فیروز والا کے علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے کہاکہ میاں نوازشریف کے اصولی مؤقف کے باعث ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔ مسلم لیگ ن اصولوں پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ پرویز مشرف کو آئین توڑنے کے جرم میں آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئنہ کوئی فوجی جرنیل منتخب جمہوری حکومت پر شب خون مارنے کی جرات نہ کر سکے۔ بعض شرپسند عوام کو صوبائی حکومت کی طرف سے ریلیف دینے کے اقدامات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں تاہم ان کی ایسی تمام کوششیں ناکام بنا دی جائیں گی۔