ریلوے پھاٹک تا ٹھٹھہ کھوکھراں روڈ، شیرپورہ انڈر پاس تعمیر نہ ہونے سے مشکلات
حافظ آباد+ ونیکے تارڑ (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) عوامی نمائندوں کے بلند بانگ دعووں کے باوجود آج تک محلہ شیرپورہ میں انڈر بائپاس تعمیر نہیں ہوسکا ہے جبکہ ریلوے پھاٹک سے لیکر ٹھٹھہ کھوکھراں پھاٹک تک سڑک کی تعمیر بھی شروع نہیں ہوسکی ہے جس کی وجہ سے شہر میں دن بدن ٹریفک کا حجم بڑھتا چلا جارہا ہے ۔ اور ان دونوں منصوبوں کی عدم تعمیر سے آنے والے دنوں میں ٹریفک کامسئلہ شہریوں کے لئے گھمبیر شکل اختیار کرجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار عوامی محاذ کے ضلعی صدر رانا خالد محمود نے کیا۔ انہوں نے کہاشہر کی آبادی جس تیزی سے بڑھتی چلی جارہی ہے ۔اس سے شہر کی شاہراہوں او ربازاروں میں دن بدن ٹریفک کا حجم بڑھتا چلا جارہا ہے جس کی وجہ سے اکثر ٹریفک کے جام رہنے کی شکایات بھی رہتی ہیں۔ انہوں نے ضلعی حکومت کے ارباب اختیار اور وزیر اعلی سے مطالبہ کیا کہ حافظ آباد میں ٹریفک کے حجم کو کم کرنے کے فوری طور پر شہر میں محلہ شیرپورہ میں انڈر بائپاس کی تعمیر کے ساتھ ساتھ شہرریلوے پھاٹک سے لیکر ٹھٹھہ کھوکھراں پھاٹک تک دو کلو میٹر پر محیط سڑک کی تعمیر کو شروع کرکے شہریوں کو پریشانی کا اذالہ کیا جائے۔