سندھ کے وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کا کہنا ہے کہ کراچی کے مخصوص علاقوں میں آپریشن کیا جائے گا، جن کے نقشے تیار کرلئے گئے ہیں۔

ذوالفقار مرزا کی زیر صدارت اُن کے دفتر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ حالیہ ٹارگٹ کلنگ کے الزام میں گرفتار کئے جانے والے افراد سے کی جانے والی تحقیقات کی روشنی میں ملزمان کے خلاف آپریشن کی تیاریاں کی جارہی ہیں، اُن کا کہنا تھا کہ آپریشن کے لئے پی آئی بی کالونی، لیاری، ڈالمیا، شرافی گوٹھہ اور قصبہ کالونی سمیت مخصوص علاقوں کا تعین کرلیا گیا ہے، جن کے نقشے بھی تیار کرلئے گئے ہیں، ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی ہدایت پر گورنر ہاؤس میں اتحادی جماعتوں کا اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں آپریشن سے قبل اتحادی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔