وزیراعلیٰ شہباز شریف کی متوقع لیہ آمد‘ جلسے کی تیاریاں مکمل
جمن شاہ(نمائندہ نوائے وقت) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی متوقع لیہ آمد کے حوالے سے یونین کونسل کوٹ سلطان رورل میں لیگی کارکنان کی جانب سے ورکر کنونشن کاانعقاد کیا گیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے سید ثقلین شاہ بخاری نے کارکنان کو وزیر اعلیٰ کے استقبال اور جلسہ کو کامیاب بنانے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم این اے سید ثقلین شاہ بخاری نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کے لیہ جلسہ کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں سید ثقلین شاہ بخاری نے دعوی کیا ہے کہ جلسہ میں 40ہزار سے زائد لیگی کارکنان شرکت کیں گے انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب جلسہ میں لیہ کے لیے میگا پروجیکٹس کا اعلان بھی کریں گے۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب کی آمد پر صوبائی وزیر اور ممبر قومی اسمبلی میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے، چیئر مین یونین کونسلوں اور لیگی کارکنان نے خیرمقدمی بینرز میں صرف ممبر صوبائی اسمبلی مہر اعجازا چلانہ کا نام اور تصویر لگا کر دونوں رہنمائوں میں بڑھتے فاصلوں کا سچ کرد یا۔ کوٹ سلطان ، جمن شاہ، پہاڑ پور، پیر جگی سمیت این اے182اور پی پی 265میں لگائے گئے خیر مقدمی بینرز پر صرف وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف، ایم پی اے مہر اعجاز اچلانہ اور لیگی چیئر مین کی تصاویر سے سجائے گئے ہیںجبکہ حلقہ کے ایم این اے سید ثقلین شاہ بخاری کی تصویر اور نام نہیں لکھا گیا ۔ اس حوالے سے جب ممبر قومی اسمبلی سید ثقلین شاہ بخاری سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ان کی طرف سے کوئی اختلاف نہیں ہے اگر کوئی اختلاف ہے تو وہ مہر اعجاز اچلانہ کی جانب سے ہے۔ یادر رہے کہ 2013کے انتخابات میں ایک ہی پینل سے مہر اعجاز اچلانہ ایم پی اے اور سید ثقلین شاہ بخاری ایم این اے منتخب ہوئے تھے۔