امریکہ الزام تراشی کی بجائے افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے پیکج دے، احسن اقبال
گوادر (صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ اور وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے کہاہے کہ امریکہ الزامات لگانے کے بجائے ملک میں موجود 30 لاکھ افغان پناہ گزین کی قابلِ عزت واپسی کے لیے امدادی پیکج فراہم کرے، امریکا، بھارت اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ سے پریشان نہیں ہونا چاہیے تاہم ہمارے پاس بھی خارجہ پالیسی پر مبنی دیگر مواقع موجود ہیں،گوادر بزنس سینٹر کا قیام 6 ماہ کے مختصر عرصے میں ہوا تاہم گوادر میں تعمیرات کے پہلے مرحلے میں تقریبا 4 ارب ڈالر کی خطیر رقم سے بنیادی ڈھانچے سمیت فری اقتصادی زون کی تکمیل ممکن ہوئی۔گزشتہ روز گوادر کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ اور وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان سے یہ امید نہ رکھی جائے کہ حکام 30 لاکھ افغان مہاجرین کا جائزہ لے کر یہ بتائیں کہ ان میں سے کون امن پسند ہے اور کون دہشت گردی میں ملوث ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ جب مہاجرین اپنے ملک واپس لوٹ جائیں گے تو پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گرد کی عدم موجودگی کی ضمانت دے سکتا ہے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ امریکا نے سرحد پار جنگ کے بعد پاکستان کو مشکلات کی دلدل میں دھکیل دیا لیکن اب واشنگٹن کو الزامات پر مشتمل کھیل کھیلنے سے بہتر ہے کہ اپنی ذمہ داری کا بوجھ اٹھائے اور 30 لاکھ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کرے۔انہوں کہا کہ اگر پاکستان اور امریکا ایک دوسرے پر الزامات لگاتے رہے تو اس کا فائدہ دہشت گرد اٹھا سکتے ہیں۔